جی سی یونیورسٹی 135

جی سی یونیورسٹی، پہلی پیرا اتھلیٹکس چیمپئن شپ کا انعقاد

مکوآنہ(رپورٹنگ آن لائن)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار پیرا اتھلیٹکس گیمز کا انعقاد کیا گیا۔ جی سی یونیورسٹی پیرا اتھلیٹکس 2023 کے تحت کھلاڑیوں نے ریس، تھرو جمپ میں حصہ لیا۔ پوزیشن ہولڈر کھلاڑیوں میں گولڈ میڈلز اور سلور میڈلز تقسیم کئے گئے۔

افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین، ڈین اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر صوفیہ انور، ڈین ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر عابد رشید نے شرکت کی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر امین نے کہاکہ کھیل سے طلبہ میں نظم وضبط کے ساتھ جیت اور ہار کو بہتر انداز میں منانے کا سلیقہ آتا ہے، کھیل معذوری کے ساتھ رہنے والے لوگوں کو معاشرے میں اپنی شرکت بڑھانے ، ان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرنے کا ایک موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے سپیشل بچوں کو گیمز میں شامل کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر ڈائریکٹر سپورٹس ذیشان احمد خان کی تعریف کی۔ جی سی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس ذیشان احمد نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل بنیادی طور پر معاشرے میں معاشی، معاشرتی اور ثقافتی تقسیم کو ختم کرنے اورگروہوں کے مابین مشترکہ ثقافت اور رفاقت کا احساس پیدا کرنے کا کام کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں