شاہد خاقان عباسی

جہاں الیکشن چوری ہو، وہاں معیشت نہیں چل سکتی، شاہد خاقان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سربراہ عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جہاں الیکشن چوری ہو، وہاں معیشت نہیں چل سکتی۔

تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قوم کی حالت بہتر کرنے کیلئے سب سے بات کرنا ہوگی، ملک کا نوجوان مایوسی کی طرف جارہا ہے، پاکستان میں عوام کی بات کرنے والا کوئی نہیں۔اے پی پی سربراہ نے کہا کہ آج ان لوگوں کی حکومت ہے جو ووٹ لے کر نہیں آئے، یہ نظام نہیں چل سکتا، جہاں الیکشن چوری ہو، وہاں معیشت نہیں چل سکتی۔ نوجوان تعلیم، روزگار اور قانون کی بالادستی چاہتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ملک کے نوجوان ہیں، آج کوئی راستہ نظر نہیں آتا، ملک آئین توڑ کر جبر سے نہیں چلتے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا پارلیمان خاموش ہے، وہ کالے قانون بناتا ہے، ملک کے نمائندے عوام کے نمائندے نہیں، اس خرابی کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومتیں الیکشن چوری کرکے بنیں تو نہ ملک اور نہ ہی معیشت چلے گی، آج سیاست مفاد پرستی ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالنے کے لیے ہو رہی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن چوری کرکے عوامی نمائندوں کے احتساب کا نظام ہی ختم کر دیا گیا، وکٹوں والی سیاست ناکام ہو چکی ہے، ہم کسی الائنس کا حصہ نہیں، سب کو بیٹھ کر ملکی مفاد کی بات کرنی ہو گی۔