سلیم حیدر خان 17

جنوبی پنجاب کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں برابر کا حصہ ملنا چاہئے’سردار سلیم حیدر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے،اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین مہنگائی کے خلاف عوام کے حق کے لئے آواز بلند کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پارلیمانی لیڈرپنجاب اسمبلی علی حیدرگیلانی اور ایم پی اے ممتاز علی چانگ کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں وفد نے گورنرپنجاب کو جنوبی پنجاب اور پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت،ان کی بنیادی ضرورتوں اور مسائل کو عملی طور پر حل کرنے کا نام ہے۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی تمام محرومیوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کے عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔جنوبی پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی اور پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کا ساتھ دیا ہے۔جنوبی پنجاب کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں برابر کا حصہ ملنا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ایم پی اے اسمبلی میں مہنگائی کے خلاف پنجاب کے عوام کے لیے آواز بلند کریں۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے نوکریوں اور روزگار کے مواقع پیداکرے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل سننے کے لیے گورنرہاؤس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور ان کے حل کے لیے فرنٹ ڈیسک کا قیام بھی عمل میں لایاگیاہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ الیکشن میں وزیراعظم بن کر جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں