خواجہ سعد رفیق 7

حکومت ،اپوزیشن کے درمیان بامعنی مذاکرات ضرورت بن چکے ہیں، طاقتور اسٹیبلشمنٹ کو اس کا حصہ ہونا چاہیے’ سعد رفیق

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پہلے ہی کافی دیر ہو چکی ہے اور اس سے پہلے کہ مزید دیر ہوجائے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جامع ، کثیر الجہتی اور بامعنی مذاکرات ضرورت بن چکے ہیں، طاقتور اسٹیبلشمنٹ کو اس کا حصہ ہونا چاہیے،میثاق ِ پاکستان تشکیل دیا جائے ،پاکستان کی سلامتی ، وحدت اور ترقی کیلئے سب کو آپس میں بات کرنا ہو گی اور قومی ایجنڈا تشکیل دیا جائے ۔سوشل

میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئین کی حکمرانی اور اس سے کھلواڑ کا مستقل تدارک ، شفافیت اور عدل کا قیام ، معیشت کی بحالی ، دہشتردی کا مشترکہ مقابلہ ، آزاد الیکشن کمشن ، ہر دبائو سے آزاد شفاف انتخابات کی ضمانت ، عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ کا وجود ، سیاسی انتقام کا خاتمہ ، کرپشن فری سوسائٹی، گڈ گورننس ، انرجی اور آبی وسائل میں خود کفالت ، وسائل کی منصفانہ تقسیم ، مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم ، ذمہ دار با اختیار عدلیہ پر مستقبل کا روڈ میپ طے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی یا گروہی طاقت کا بے محابا استعمال بہت جلد اسے جبر اور استحصال میں تبدیل کر دیتا ہے اور ایسا کرنے والے اپنی سمت میں بڑھتے ہوئے منزل کھو دیتے ہیں۔

ہم اپنی اپنی جگہ کئی بار منزل کھو چکے ہیں ، اس تباہی میں سب نے اپنی حیثیت کی مطابق حصہ ڈالا ، یہ عمل ِ بد جاری و ساری ہے اور ملک کو اندر سے کمزور کر رہا ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کی خاطر جاگ جائیں ، حقائق کا ادارک کریں ، آگے بڑھیں ، ایک دوسرے کو برداشت کریں ، بات کریں ،راستہ دینا سیکھ لیں ،نت نئے تجربات کر کے دیکھ لئے بات نہیں بنی ، اب آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کر کے دیکھیں ، ان شا اللہ بات بھی بنے گی اور راستہ بھی نکلے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں