جنرل ہسپتال 23

جنرل ہسپتال انتظامیہ کا فوری ایکشن ادویات چوری پر مقدمہ درج، 3ملازمین معطل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی وارڈ سے ادویات چوری کے واقعہ پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملوث ملازمین کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا جبکہ ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کو پیش کر دی ہے۔ ادویات چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے میاں حامد ندیم، محمد سعد اللہ ظفر فارمیسی ٹیکنیشن اور راشد وارڈ اٹینڈنٹ کو ملازمت سے معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ ڈی ایم ایس ایمرجنسی ڈاکٹر محمد تنویر کو سرکاری فرائض میں عدم دلچسپی پر وارننگ جاری کرتے ہوئے نگرانی مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا ہے کہ ادویات کے ریکارڈ کی مکمل اور شفاف پڑتال کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ تمام معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا سکے۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے واضح کیا کہ جنرل ہسپتال میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور مریضوں کی ادویات میں خیانت کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ انتظامی ڈاکٹرز کو ادویات کی خرید، وصولی، ریکارڈ اور ترسیل کے تمام نظام کی مانیٹرنگ مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ہسپتال میں شفافیت، میرٹ اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں