جناح ہسپتال 32

جناح ہسپتال: نئے ایم ایس ڈاکٹر ذیشان حیدر کا مریض دوست اقدامات کا اعلان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)جناح ہسپتال کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ذیشان حیدر نے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوری مریض دوست اقدامات کا اعلان کر دیا۔حکومت پنجاب کی پالیسی اور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم کی رہنمائی میں ہسپتال کو ماڈل شفاخانہ بنانے کے لیے انتظامی اصلاحات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ذیشان حیدر نے کہا کہ ہسپتال آنے والا ہر مریض اور اس کے لواحقین توجہ، خوش اخلاقی اور باعزت سلوک کے مستحق ہیں۔ بروقت اور معیاری علاج انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگا۔ غیرضروری انتظار اور مشکلات ختم کرنے کے لیے مانیٹرنگ اور فیڈ بیک کے نظام کو سخت اور مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں یا لواحقین سے بدسلوکی، غیرمہذب رویے، یا کسی بھی قسم کے نذرانے کے مطالبے یا وصولی کی شکایت پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہوگی۔ ثابت ہونے پر فوری طور پر سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

ایم ایس نے صفائی، سکیورٹی اور طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے عملے کو اپنے مقررہ فرائض تک محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تمام اے ایم ایس، ڈی ایم ایس اور نرسنگ انتظامیہ کو اپنے شعبوں میں روزانہ مانیٹرنگ اور سہولیات کا جائزہ لینے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کے مسائل کی فوری نشاندہی اور ازالہ ممکن ہو سکے ڈاکٹر ذیشان حیدر نے کہا کہ نظم و ضبط، وقت کی پابندی، صفائی، پیشہ ورانہ رویے اور مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ہسپتال کے تمام وسائل مریضوں کی فلاح اور بہتر علاج کے لیے استعمال کیے جائیں گے اور ماڈل شفاخانہ بنانے کے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں