عمرایوب

جلا وگھیرا وکیس،عمرایوب کی حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) عسکری ٹاور جلا وگھیرا وکیس میں عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں عسکری ٹاور حملہ اور جلاو گھیرا ومقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عمر ایوب، اسد عمر، عظیم اللہ، گل اصغر خان اور ملک احمد چٹھہ کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی۔

جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمر ایوب اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں جس کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے، عدالت عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ہرصورت مقدمات کا فیصلہ کرنا ہے، آئندہ سماعت پر کوئی ملزم غیر حاضر نہ ہو۔ ۔

عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو فوری طلب کر لیا جبکہ پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا اور تمام وکلا کوآئندہ سماعت پر دلائل کیلئے عدالت میں تیاری کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پر ہر صورت فیصلہ ہو گا۔ بعدازاں اے ٹی سی نے عسکری ٹاور حملہ اور جلا گھیرا کے کیسز میں ملوث 28 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں دو اگست تک توسیع کردی۔