سری لنکا 34

ویسٹ انڈیز کا سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان

کولمبو(رپورٹنگ آن لائن) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز 3 سے 8 جون تک سبینا پارک جیمیکا میں شیڈول کئے گئے ہیں اور ہوم ٹیم کی قیادت شاہی ہوپ کے سپرد کی گئی ہے۔

ویسٹ انڈیز سکواڈ میں اہم کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے، فاسٹ بولر الزاری جوزف کمر کی انجری سے صحت یابی کے بعد گزشتہ سال آسٹریلیا کے دورے کے بعد پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل ہوئے ہیں جبکہ سپنر گڈاکیش موتی بھی نیوزی لینڈ ٹور مس کرنے کے بعد واپس آ گئے ہیں۔

فاسٹ بولرز شمر جوزف اور جیڈن سیلز بھی سکواڈ میں شامل ہیں، تاہم ویسٹ انڈیز بورڈ پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ ان تینوں فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کو احتیاط سے بیلنس کیا جائے گا۔

شاہی ہوپ (کپتان)، اکیم آگسٹ، جان کیمبل، کیچی کارٹی، روسٹن چیس، میتھیو فورڈ، جسٹن گریویز، شمرون ہیٹمائر، عامر جنگو، الزاری جوزف، شمر جوزف، گڈاکیش موتی، شیرفین ردرفورڈ، جیڈن سیلز، شمر اسپرنگر اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔

ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا کہ سری لنکا ایک مضبوط اور باصلاحیت ون ڈے ٹیم ہے، اس لیے ویسٹ انڈیز کو نظم و ضبط، بہتر فیلڈنگ، ذمہ دارانہ بیٹنگ اور مستقل مزاجی کے ساتھ بولنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ڈیئرن سیمی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ویسٹ انڈیز ہوم کنڈیشنز کو ون ڈے کرکٹ میں اپنا مضبوط مقام بنانا چاہتی ہے۔ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے 3 جون، دوسرا میچ 6 جون اور آخری ون ڈے 8 جون کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی براہ راست کوالیفکیشن مہم میں اہمیت کی حامل ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز اب بھی براہ راست کوالیفکیشن پوزیشنز سے باہر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں