ساہیوال 21

تعلیمی اداروں میں صفائی کے انتظامات اور کینٹینوں پر فروخت ہونے والی اشیاء کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل

اوکاڑہ ( شیر محمد)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژن بھر کے کالجوں میں صفائی کے انتظامات اور کینٹینوں پر فروخت ہونے والی اشیاء کی نگرانی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور طلبہ کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز شبیر حسین بٹ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر کالجز، ایم ڈی ستھرا پنجاب اور مختلف کالجوں کے پرنسپلز نے شرکت کی۔

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ڈویژن بھر کے تعلیمی اداروں میں صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی کینٹینوں پر فروخت ہونے والی اشیاء کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے تاکہ طلبہ کو صاف ستھرا اور معیاری ماحول فراہم کرنے کے ساتھ صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خورونوش کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے ایم ڈی ستھرا پنجاب کو ہدایت کی کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے گردونواح میں بھی صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔ متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے صفائی کے معیار کو برقرار رکھیں اور اس ضمن میں مؤثر نگرانی کا نظام یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز نے تعلیمی اداروں میں صفائی کے انتظامات اور کینٹینوں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں