مصطفیٰ کمال 11

بے تاب ہوں کہ میرا استعفیٰ لیا جائے تاکہ کراچی میں زیادہ وقت گذار سکوں، مصطفی کمال

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے استعفے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بے تاب ہیں کہ ان سے استعفیٰ لیا جائے تاکہ وہ کراچی میں زیادہ وقت گزار کر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے مہم چلا سکیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ اگر ان کا استعفیٰ لیا جاتا ہے تو وہ پہلے کراچی میں تین دن، جمعہ، ہفتہ اور اتوار گزاریں گے، بعد ازاں سات روز تک شہر میں رہ کر مہم چلائیں گے۔ ان کے مطابق عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور انتظامی یونٹس کے قیام، خصوصاً سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کی ذمہ داریوں کے باعث انہیں اس مہم کے لیے زیادہ وقت نہیں مل رہا۔ ان کا خیال ہے کہ دسمبر میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی بات آگے بڑھ سکتی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کسی جانب سے باضابطہ طور پر دسمبر کی تاریخ یا شیڈول سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ یہ امکان مختلف تجزیوں اور اطلاعات کی بنیاد پر ظاہر کیا جا رہا ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ایم کیو ایم نے نئے صوبوں کی بات کی تو پیپلز پارٹی نے مخالفت کی، تاہم اب یہ معاملہ صرف ایم کیو ایم نہیں اٹھا رہی بلکہ دیگر حلقے بھی اس پر بات کر رہے ہیں۔ ان کے بقول پارلیمنٹ میں مختلف جماعتوں سے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور پیپلز پارٹی کو بھی اس معاملے پر قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری بردبار اور حالات کو دیکھ کر فیصلے کرنے والے سیاست دان ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) میں بھی اس معاملے پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جبکہ وہ بعض رہنماؤں کی خاموشی کو رضامندی کا اشارہ سمجھتے ہیں۔وفاقی وزیر صحت نے کہاکہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے جو بھی کام کرے گا، وہ ملک اور عوام کے مفاد میں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ اس قومی معاملے پر ریاست کے ساتھ غیر مشروط طور پر کھڑی ہو۔مصطفی کمال نے 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام میں قومی وسائل عوام تک نچلی سطح پر منتقل نہیں ہو رہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ سندھ کو گزشتہ 17 برسوں میں 22 ہزار ارب روپے ملے، لیکن صوبے میں بنیادی مسائل برقرار ہیں۔ انہوں نے موٹروے منصوبے اور ریڈ لائن بس منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کیا اور الزام لگایا کہ ریڈ لائن منصوبے میں آٹھ ارب روپے کے غبن کے بعد عالمی بینک نے فنڈنگ روک دی تھی، جس کے بعد یہ رقم صوبائی حکومت نے عوامی وسائل سے پوری کی۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام کسی سیاسی جماعت کی خواہش نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اگر پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی پر اعتماد ہے تو اسے نئے صوبوں کے قیام پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ دنیا ترقی کر رہی ہے، لیکن کراچی میں بچے گٹروں میں گر کر جان سے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچے میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں