کراچی(رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور اس مقصد کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ ان کی سیاسی جدوجہد، جرات اور ثابت قدمی جمہوری تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے شانہ بشانہ جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کی اور مشکل حالات میں بھی جمہوری اصولوں سے وابستگی برقرار رکھی۔
انہوں نے آمریت کے خلاف جدوجہد کے دوران جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا، جو جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے ایک قابلِ ذکر مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کو مادرِ جمہوریت کا لقب دیا جانا ان کی عظیم خدمات، قربانیوں اور جمہوری جدوجہد کا اعتراف ہے۔ ان کی زندگی جمہوری اقدار کے تحفظ اور عوام کے حقوق کے لیے ثابت قدم رہنے کی عکاس ہے۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور جمہوریت کے لیے ان کی خدمات پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا ان کی جدوجہد کو یاد رکھنے اور جمہوری اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا موقع ہے۔








