عدالت 12

بینک خورد برد کیس میں ملزم کی فوجداری نظرثانی درخواست خارج

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے بینک خرد برد کیس میں ملزم کی فوجداری نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو اہم گواہ دوبارہ طلب کرنے کی اجازت برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔جسٹس سلطان تنویر احمد اور جسٹس جواد ظفر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 9صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جسے عدالتی نظیر بھی قرار دیا گیا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ اہم دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کے لیے کسی گواہ کو دوبارہ طلب کیا جا سکتا ہے۔ فیصلے کے مطابق صرف پراسیکیوشن کی غلطی یا غفلت کی بنیاد پر ضروری شواہد پیش کرنے کا حق ختم نہیں ہو جاتا۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ٹرائل کورٹ کسی بھی مرحلے پر گواہ کو دوبارہ طلب کرنے کا اختیار رکھتی ہے.

جبکہ ایسے گواہ سے جرح کرنے کا حق بھی دفاع کے پاس برقرار رہے گا۔فیصلے میں کہا گیا کہ انسانی غلطی یا غفلت کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جا سکتا، اس لیے عدالتوں کو ایسے معاملات میں انصاف کے وسیع تر تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اختیارات استعمال کرنے چاہئیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں