فریال تالپور 22

بلدیاتی انتخابات عام انتخابات کی تیاری کا ہوم ورک ثابت ہوں گے’فریال تالپور

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وویمن ونگ کی سربراہ و مرکزی رہنما فریال تالپور سے زرداری ہائوس میں جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کی قیادت میں پیپلز پارٹی راولپنڈی،فیصل آباد ،گوجرانوالہ ڈویژن اور ضلع سیالکوٹ کے عہدیداروں نے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران فریال تالپور نے تنظیمی عہدیداروں سے انکے متعلقہ ڈویژنوں میں پارٹی سرگرمیوں،آئندہ متوقع بلدیاتی انتخابات سمیت موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے فریال تالپور کو مجموعی طور پر ڈویژنل،ڈسٹرکٹ،تحصیل اور سٹی تنظیموں کے علاہ ذیلی ونگز کی صورتحال اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی موجود تھے ۔

فریال تالپور نے پارٹی عہدیداروں کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہمارے لیے آئندہ عام انتخابات کی تیاری کا ہوم ورک ثابت ہو سکتے ہیں لہٰذا پارٹی تنظیمیں اور عہدیدار اس میں اپنی بھر پور اور نتیجہ خیز شرکت کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں