سعید غنی 18

ایم کیو ایم سیاسی دہشت گردی نہ کرے، کراچی کسی ایک جماعت یا زبان بولنے والوں کا شہر نہیں، سعید غنی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کسی ایک جماعت یا زبان بولنے والوں کا شہر نہیں، یہ تمام قومیتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا شہر ہے، ایم کیو ایم کو سیاسی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے،آج ایم کیو ایم کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں اور مصطفی کمال، خالد مقبول صدیقی یا فاروق ستار ایک نشست تو درکنار ایک یونین کونسل بھی نہیں جیت سکتے۔

انہوں نے ایم کیو ایم کی حالیہ ریلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز نکالی گئی ریلی کو عوام نے مسترد کردیا، ایک وقت تھا جب ان کے اشارے پر شہر بند ہوجاتا تھا، لیکن آج ان کی چٹکی سے شہر تو کیا گھر بھی بند نہیں ہوتا۔سعید غنی نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم نے کوئی قومی یا صوبائی نشست نہیں جیتی، میں نام نہیں لوں گا لیکن جانتا ہوں کہ انہیں کس طرح نشستیں دلوائی گئیں۔ صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ سندھ اسمبلی میں بھی ایم کیو ایم کے چار گروپ بنے ہوئے ہیں جو ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کراچی میں ریلی نکالے گی تو وہ ایم کیو ایم کی ریلی سے کئی گنا بڑی ہوگی۔سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم کی سیاست کے باعث مختلف زبانیں بولنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، سندھی، بلوچی، پنجابی اور پشتو بولنے والے صرف زبان کی بنیاد پر قتل کیے جاتے رہے، تاہم اب کسی کو دوبارہ دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مصطفی کمال کے حوالے سے خالد مقبول صدیقی سے متعلق سابقہ بیان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ مصطفی کمال نے خالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں رہنے والے تمام زبانوں اور قومیتوں کے افراد اس شہر کے برابر کے شہری ہیں، یہ کسی ایک گروہ یا زبان بولنے والوں کا شہر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں سیاسی طور پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور شہر میں سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے عوام سے رابطہ مضبوط کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں