شوکت یوسفزئی 21

ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 دن ہوگئے، حکومت نے کوئی وژن نہیں دیا: شوکت یوسفزئی

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 دن ہوگئے، حکومت نے کوئی وژن نہیں دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نااہلی کے باعث ملک بند گلی میں کھڑا ہے، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، ملک قرضوں پر چل رہا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، تحریک انصاف کو سیاسی اسپیس ملنی چاہیے، پارٹی مزاحمتی اور مفاہمتی سیاست کے بیچ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی اسپیس نہ دیا تو پرامن احتجاج دوبارہ شروع ہو سکتا ہے، تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک نہیں، پارٹی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے۔

انہوںنے کہاکہ پارلیمانی پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات سے ہی مذاکرات کی راہ نکل سکتی ہے، ایمرجنسی کا نفاذ سابقہ فاٹا کا کے پی میں انضمام ختم کرنے کی کوشش ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈان پر تشویش ہے، ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کے لیے حکومت نے آئینی لوازمات پورے نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے پشاور ہائی کورٹ سے اس بارے میں اہم فیصلہ آجائے گا، باہر کے یوٹیوبرز سے کہہ دیا اب بس کرو، آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں، اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کے کسی بیانیے کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں