لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے قرضوں کی سہولت خوش آئند اقدام ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کوفروغ ملے گا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور لاکھوں افراد کا روزگار ان سے وابستہ ہے۔
انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے نئے کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو چھوٹے تاجر پہلے سے کاروبار کر رہے ہیں انہیں قرضوں کے حصول کیلئے مقررہ شرائط میں معمول سے زیادہ رعایتیں دی جائیں،ایسے تاجروں کو ترجیحی بنیادوں پر مالی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو جاری رکھنے کے ساتھ مزید ترقی دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر قرضوں کی فراہمی کا طریقہ کار بھی آسان اور شفاف بنایا جائے، حکومت کو چاہیے کہ ایس ایم ایز کیلئے مالی معاونت کے پروگراموں میں حقیقی کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے، اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔








