پیٹ ہیگستھ 41

ایران نے غلط راستہ چنا تو جنگ دوبارہ شروع کردینگے ، امریکی وزیر دفاع

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن )امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر ایران امن معاہدے پر راضی نہیں ہوتا تو مشرق وسطی میں موجود امریکی افواج جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پینٹاگان میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ایران ایک خوش حال مستقبل اور سنہری پل کا انتخاب کر سکتا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اپنے عوام کی خاطر ایسا ہی کرے گا۔ تاہم ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے غلط انتخاب کیا تو اسے ناکہ بندی اور بنیادی ڈھانچے و توانائی پر بم باری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ہیگستھ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی کامیاب ہے اور یہ جب تک ضرورت پڑی جاری رہے گی۔

انہوں نے اشارہ کیا کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو کنٹرول کر رہی ہے کیونکہ اس کے پاس ایک بحری بیڑا موجود ہے، جو اب ایران کے پاس نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے اعلان کردہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے نافذ العمل ہونے کے چوتھے دن، میں یہ واضح کر دوں کہ اس ناکہ بندی میں ایرانی بندرگاہوں کی طرف آنے اور جانے والے تمام بحری جہاز شامل ہیں، خواہ ان کی قومیت کچھ بھی ہو اور ہم یہ ناکہ بندی اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ضرورت ہوئی۔

ایران کے سپریم لیڈر کے انجام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہیگستھ نے کہا ہمارا خیال ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر زخمی ہیں لیکن وہ زندہ ہیں۔چین کے حوالے سے ہیگستھ نے بتایا کہ بیجنگ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جنگ بندی کے دوران ایران کو ہتھیار نہیں بھیجے گا۔ حوثیوں کے حوالے سے امریکی وزیر دفاع نے اب تک ان کی عدم مداخلت کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں