سنگاپور (رپورٹنگ آن لائن) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہاکہ آبنائے ہرمز کی ناکا بندی برقرار ہے، جب ایران کے ساتھ ڈیل ہوگی تو آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی۔
امریکی وزیرجنگ نے سنگاپور میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ ایران کس چیز کا انتخاب کرتا ہے، ڈیل ہو گئی تو آبنائے ہرمز ایک ٹول فری راستہ ہو گا جسے ساری دنیا استعمال کر سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ فی الوقت امریکا اس بات کے لیے تیار ہے کہ اگر جنگی کارروائی دوبارہ کرنی پڑے تو کرے گا لیکن مجھے اعتماد ہےکہ امریکا ایک ایسی ڈیل حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا جو امریکی عوام کے مفاد میں ہو گی۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران یہ کہنا چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز اس کے کنٹرول میں ہے لیکن پس منظر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہےکہ آبنائے ہرمز کا کنٹرول امریکا کے پاس ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹکام نے کہا کہ امریکی فوج نے گیمبیا کے پرچم بردار بحری جہاز کو ایران جانے سے روک کر ناکارہ بنا دیا، سینٹکام کے مطابق امریکا نے خلیج عمان میں ناکابندی پر عمل نہ کرنے والے بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا۔









