لاہور(رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے وزراء ، کیبنٹ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر اور دیگر حکام کے ساتھ ویڈیو لنک پر میٹنگ کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کی۔
مریم نواز نے عزاداروں کے لیے ‘سبیل آن ویل’ کو سراہتے ہوئے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں، محرم میں میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کر کے میرا سر فخر سے بلند کیا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ میں واقعے کے ذمے داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بند کیے بغیر سیکیورٹی انتظامات بڑی کامیابی ہے، محرم کے انتظامات پر اہل تشیع علماء اور اکابرین نے بھرپور شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں، پولیس کی حفاظت کے لیے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے، آنے والے دنوں میں لائ اینڈ آرڈر کی بہتری کے لیے فول پروف انتظامات کریں گے۔