وزیر اعلی سندھ 157

اورنگی، گجرنالہ متاثرین کی بحالی کا پروگرام بنا دیا ہے، زمین کی نشاندہی کر دی ہے،عدالت کو آگاہ کردیاہے، وزیر اعلی سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اورنگی، گجرنالہ متاثرین کی بحالی کا پروگرام بنا دیا ہے، زمین کی نشاندہی کر دی ہے، 10 ارب سے 2 سال میں رہائشی اسکیم تیار ہوگی، عدالت کو آگاہ کر دیا ہے۔پیرکوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بلایا تھا، اپنا موقف پیش کرنے حاضر ہوا، عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے پاس افسران اور فنڈز کی کمی ہے، 20 اور 21 گریڈ کے افسران نہ ہونے کے برابر ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ جو بھی ہدایت کرے گی اس پر عملدرآمد کراوں گا، فی الحال اورنگی، گجر نالہ متاثرین کی بحالی کے پروگرام کیلئے سندھ حکومت اپنے بجٹ سے رقم جاری کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر آباد لوگوں کو جگہوں سے ہٹایا جائے، تاہم ہم نے فوری طور پر انہیں ہٹانے سے معذرت کی ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ عدالت کو آگاہ کیا ہے آج انہیں ایک جگہ سے ہٹائیں گے تو یہ دوسری جگہ آباد ہوجائیں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم اگر ایسے ہی کھیلتی رہی تو لگتا یہی ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ جیت جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں