ضیا الحسن لنجار 18

انسانی بھلائی اور عوامی خدمت کے لیے فلاحی تنظیموں کا کردار قابلِ تحسین ہے، حکومت مستقبل میں عوام کی بہتری کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے مزید منصوبے شروع کرے گی،ضیا لنجار

نواب شاہ(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ انسانی بھلائی اور عوامی خدمت کے لیے فلاحی تنظیموں کا کردار قابلِ تحسین ہے، حکومت مستقبل میں عوام کی بہتری کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے مزید منصوبے شروع کرے گی۔وہ روٹری کلب کی 61ویں سالانہ انسٹالیشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے روٹری کلب انٹرنیشنل کی خدمات قابل ذکر ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روٹری کلب سندھ و بلوچستان کے گورنر شہزاد صابر نے بتایا کہ نواب شاہ میں ای لرننگ سینٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال میں آغا خان اسپتال کے تعاون سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی تربیت کے لیے 80 ہزار ڈالر کی لاگت سے کلینیکل سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نواب شاہ کے نجی شعبے میں قائم آنکھوں کے اسپتال کو بھی 80 ہزار ڈالر کی لاگت سے جدید طبی مشینری فراہم کی جائے گی، جبکہ تھیلیسیمیا سینٹر کے لیے روٹری کلب کی جانب سے ایمبولینس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

روٹری کلب کے صدر اسامہ انور نے کہا کہ شہر میں گندے پانی کی صفائی کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جائے گا، جبکہ روٹری کلب کا ذیابیطس کلینک کئی برس سے شہریوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے ضلع بھر میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔تقریب سے کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویڑن غلام قادر خان تالپور اور ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں ایس ایس پی ثمیر نور چنہ، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ارشد قریشی، سید عاطف زیدی، انچارج زرداری ہاؤس میر محمد سیال اور روٹری کلب کے 2028 کے لیے نامزد گورنر عبدالجبار شیخ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں