ذوالفقار علی شاہ 9

حافظ نعیم پوائنٹ اسکورنگ اور جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، ذوالفقار علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن سیاست چمکانے کے لیے پوائنٹ اسکورنگ اور جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، ماضی کے منصوبوں کو بنیاد بنا کر صدر مملکت آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بنانا ان کی ذہنی پستی کا ثبوت ہے۔

اپنے ایک بیان میں سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دور اندیش پالیسیاں اختیار کی ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1994 کی پاور پالیسی کے تحت ملک کو توانائی کے بحران اور اندھیروں سے نکالنے کے لیے اہم اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے ہمیشہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی اپنے سیاسی و حکومتی سفر کے دوران ملکی معیشت کے استحکام، توانائی کے شعبے میں بہتری اور عوامی ریلیف کے لیے متعدد تاریخی اقدامات کیے۔سید ذوالفقار علی شاہ نے حافظ نعیم الرحمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کیے گئے منصوبوں کو موجودہ حالات سے جوڑ کر صدر مملکت پر تنقید کرنا محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔ جماعت اسلامی کو چاہیے کہ الزام تراشی کے بجائے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر سیاست کرنے والے خود سب سے بڑے منافق ہیں۔ اگر جماعت اسلامی واقعی عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے تو اسے صرف دھرنوں اور احتجاجی سیاست تک محدود رہنے کے بجائے توانائی کے شعبے میں متبادل اور قابلِ عمل حل پیش کرنا چاہیے۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس عوام کو دینے کے لیے سستی شہرت اور دھرنوں کے سوا کچھ نہیں۔ عوام اب نعروں اور الزام تراشی کے بجائے عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت توانائی کے شعبے میں سستے اور مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہی ہے، خصوصاً تھر کول کے ذریعے توانائی کے منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار سندھ حکومت کی توانائی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری اور منصوبہ بندی کے ذریعے ملک کو سستی توانائی فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ مقامی وسائل کو بروئے کار لاکر توانائی کے بحران پر قابو پایا جائے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے۔

انہوں نے حافظ نعیم الرحمن کو مشورہ دیا کہ وہ صرف سیاسی بیانات اور الزامات تک محدود رہنے کے بجائے سندھ کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ قومی اور صوبائی مسائل پر سیاست کرنے کے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دیں۔سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ توانائی، روزگار، معیشت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات جاری ہیں اور عوامی مفاد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں