ناصر حسین شاہ 100

امن کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،نفرت، تعصب اور انتہاپسندی کو ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے، ناصر حسین شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیرتوانائی ناصر حسین شاہ نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امن کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو امن، انصاف اور مساوات کے اصولوں پر قائم کرنے کا خواب دیکھا تھا اور آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے نفرت، تعصب اور انتہاپسندی کو ختم کریں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں جنگوں اور دہشتگردی کے باعث لاکھوں لوگ متاثر ہورہے ہیں۔ ان حالات میں تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرکے امن قائم رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ہمیشہ امن اور بھائی چارے کے پیغام کو آگے بڑھاتی رہی ہے اور صوبے میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔

صوبائی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، برداشت اور خدمتِ خلق کو اپنائیں کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جاتا ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ امن ہی اصل ترقی کا راستہ ہے اور پرامن معاشرہ ہی ایک روشن اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں