مولانا فضل الرحمان

افغانستان میں زلزلہ، مولانا فضل الرحمان کی افغان بھائیوں کی مدد کرنے کی اپیل

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) مولانا فضل الرحمان نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے پیش نظر افغان بھائیوں کی مدد کرنے کی اپیل کردی۔

افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ برادر ملک امارت اسلامیہ افغانستان میں حال ہی میں زلزلے سے جانکاہ نقصانات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف افغانستان یا ان متاثرہ خاندانوں کا نقصان نہیں بلکہ امت مسلمہ کو اسلامی اخوت کا ثبوت دینے کا وقت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں پاکستان کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھیں، نقدی یا اجناس کی صورت میں مسلمان بھائیوں کی مدد کریں۔ انکا کہنا ہے کہ جمعیت علما اسلام کی ذیلی تنظیموں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ عوام کو اس طرف متوجہ کریں، جمعیت علمائے اسلام کی ذیلی تنظیمی امدادی سامان کا انتظام کریں اور پھر اجتماعی طور پر متاثرین کو سامان مہیا کریں۔