اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جمعہ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ضروری اشیائے خورونوش کے ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت اور متعلقہ وفاقی و صوبائی وزارتوں اور محکموں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔کمیٹی نے ضروری اشیا کے ذخائر کی صورتحال، فراہمی کے انتظامات اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو آگاہ کیا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے اشیائے خورونوش کے وافر ذخائر موجود ہیں، قلت کا کوئی خدشہ نہیں اور قیمتیں مستحکم ہو رہی ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ملکی صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو سپلائی چین اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔









