اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی امن و سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشتگردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت علاقائی اور عالمی معاملات زیر بحث آئے۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور جموں و کشمیر تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری بھی شامل ہے، انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو مؤثر ترین ذرائع قرار دیتے ہوئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔








