تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے جاں بحق ہونے والے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں حادثے سے متعلق تکنیکی معلومات اور نتائج کو اکٹھا کیا گیا ہے اور اس کا جائزہ لیا گیا ہے، کچھ ڈیٹا کی جانچ کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر بغیر کسی تبدیلی کے اپنے طے شدہ راستے پر پرواز کررہا تھا، پائلٹ نے دیگر دو ہیلی کاپٹروں کے پائلٹس سے حادثے سے ڈیڑھ منٹ پہلے رابطہ کیا۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر پر گولی لگنے یا اس جیسے کسی نقصان کے نشانات نہیں ملے اور حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔علاقے میں ناہموار راستے، سرد موسم اور دھند کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات ہوئیں اور ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر 20 مئی کی صبح کو پہنچے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلائٹ کے عملے کے ساتھ کنٹرول ٹاور کی بات چیت میں کوئی مشکوک صورت حال سامنے نہیں آئی۔تحقیقات کی حتمی رپورٹ تفتیش مکمل ہونے کے بعد شیئر کی جائے گی۔