سردار ایاز صادق 18

آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافہ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،سر دار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافہ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ ہر فرد کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لایا جائے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 11 جولائی کو اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی یومِ آبادی کو منانے کا مقصد آبادی سے متعلق چیلنجز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، پائیدار ترقی کے حصول کے لئے کوششوں کو فروغ دینا اور بہتر مستقبل کے لئے اجتماعی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے اس سال کے موضوع “نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل کیلئے حقیقت کا روپ دینا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، انہیں معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، ہنر مندی کے مواقع اور باعزت روزگار کی فراہمی کے ذریعے ملک کی ترقی میں موثر شراکت دار بنایا جا سکتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو ملک کے محدود وسائل، تعلیمی و طبی سہولیات، روزگار کے مواقع اور بنیادی خدمات پر اضافی دبا کا باعث بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لئے دور رس پالیسیوں، موثر اقدامات اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کی ضرورت ہے تاکہ آبادی کو ملک کی ترقی کے لئے ایک مثبت قوت بنایا جا سکے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سول سوسائٹی، میڈیا، علما کرام اور سکالرز کو آبادی میں تیزی سے اضافے پر قابو پانے کے لئے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لئے موثر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان عوامی فلاح، سماجی ترقی اور بہتر مستقبل کے لئے موثر قانون سازی کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ متوازن آبادی ملکی ترقی، معاشی استحکام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے انہیں ملک کی ترقی کا فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آبادی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے طویل المدتی حکمتِ عملی اور قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کے لئے تمام مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں