منعم ظفرخان 37

یہ اختیارات ٹائون اور یوسیز کو منتقل ہونا چاہیے تھے، مگر سندھ حکومت نے وسائل اور اختیارات اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں،تمام معاہدات ختم کیے جائیں ،منعم ظفرخان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے مطالبہ کیاہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ختم کرکے اختیارات ٹائون اور یوسیز کو منتقل کیے جائیں، تمام معاہدات ختم کیے جائیں اور گزشتہ 12 برسوں کا مکمل آڈٹ کرایا جائے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے خلاف سخت مقف اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نو ٹائون چیئرمینز نے بورڈ کے خلاف درخواست دائر کی ہے کیونکہ یہ اختیارات ٹائون اور یوسیز کو منتقل ہونا چاہیے تھے، مگر سندھ حکومت نے وسائل اور اختیارات اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں۔منعم ظفر نے کہا کہ گزشتہ اٹھارہ برسوں کے دوران صوبائی حکومت نے ماس ٹرانزٹ، ایس بی سی اے اور دیگر اداروں کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ کے ایم سی کے تحت سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کو ختم کردیا گیا، جس کے باعث شہر کی صورتحال بد سے بدتر ہوگئی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنے بنیادی کام، یعنی کچرا جمع کرنے اور اسے لینڈ فل سائٹس تک منتقل کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق شہر بھر میں کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور لیاری ندی کے اطراف ڈمپنگ پوائنٹس بننے سے قریبی آبادیوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

منعم ظفر نے کہا کہ ورلڈ بینک کی فنڈنگ سے کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ شروع کیا گیا، جس پر تقریبا 29 ارب روپے خرچ کیے گئے، مگر اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ کو گزشتہ برس 12 ارب روپے کی اضافی گرانٹ دی گئی جبکہ ہر یوسی پر ماہانہ ایک کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں، لیکن عملی طور پر کہیں کام نظر نہیں آتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ختم کرکے اختیارات ٹائون اور یوسیز کو منتقل کیے جائیں، تمام معاہدات ختم کیے جائیں اور گزشتہ 12 برسوں کا مکمل آڈٹ کرایا جائے۔

منعم ظفر نے کہاکہ کراچی کو اس کے حقوق دلانے کے لیے جماعت اسلامی نے عدالت سے رجوع کیا ہے اور یہ تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ کیا حکومت اپنی ناکامی پر وزیر اعلی اور میئر سے استعفیٰ لے گی؟انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی کی جانب سے جماعت اسلامی کے ٹائون چیئرمینزپر من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دینے کا الزام بے بنیاد ہے کیونکہ جماعت اسلامی کے ٹائون چیئرمینز نے شفاف طریقے سے اخبارات میں اشتہارات دے کر ٹھیکے دیئے۔ ان کے مطابق لانڈھی اور نیو کراچی ٹائون میں ہزاروں گلیوں کی تعمیر جاری ہے اور ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں