لاہور(رپورٹنگ آن لائن) ملک میں روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کی پالیسی کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے روزانہ کی بنیاد پر نرخ مقرر کرنے کی پالیسی عوام پر بھاری پڑگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق 21 جولائی کو پٹرول کی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی، جو بڑھ کر 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، اس طرح ایک ہفتے میں پٹرول کی قیمت میں تقریباً 20 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح 21 جولائی کو ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر تھی، جو بڑھ کر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی، تاہم اس وقت ڈیزل کی قیمت میں بھی تقریباً 23 روپے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں گزشتہ تین روز سے پٹرولیم مصنوعات اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں 2 سے 4 فیصد تک کمی آئی ہے، تاہم اس کے باوجود مقامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی۔







