کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ مزدور محنت، قربانی اور جدوجہد کرنے والے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں مزدور طبقے کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور سندھ حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کو محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ یومِ مزدور ہمیں باہمی احترام، انصاف اور مساوات کے اصولوں کو فروغ دینے کا درس دیتا ہے۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ مزدوروں کی عزت و تکریم ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے اور آج کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ محنت کشوں کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔









