کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ملک بھر کے پولیس کے شہید افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس فورس نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے بہادر مرد و خواتین اہلکاروں نے قومی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی جانوں پر مقدم رکھا، جبکہ پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیاں جرات، حب الوطنی اور وطن سے بے لوث وفاداری کی لازوال علامت ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے اہلِ خانہ اور ملک بھر میں فرائض انجام دینے والے تمام پولیس اہلکاروں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں اور وہ قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف متحد رہتے ہوئے قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظام کو مضبوط بنایا جائے، کیونکہ یہی شہداء کو حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پْرامن، جمہوری اور محفوظ پاکستان کے قیام کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام پولیس شہدا کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔









