ناصر حسین شاہ 51

یومِ استحصال کشمیر پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا پیغام

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ”5اگست 2019 کا دن کشمیری عوام کے لیے ایک سیاہ دن ہے، جب بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

“ہم بھارت کی ریاستی دہشتگردی، انسانی حقوق کی پامالی اور مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی سخت مذمت کرتے ہیں۔”سید ناصر حسین شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ اور پاکستان کے عوام ہر سطح پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ “کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان شا اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر آزاد ہوگا۔

“انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور بھارت پر دبا ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت فراہم کرے۔”یومِ استحصال کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم جتنا بھی بڑھ جائے، حق کی آواز کبھی دبائی نہیں جا سکتی۔ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کل بھی کھڑا تھا، آج بھی کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں