محمد جاوید قصوری 9

گورنر راج، عوام کے مینڈیٹ، آئینی حقوق اور جمہوری آزادی کو محدود کرنے کی کوشش ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے سیاہ کارناموں میں ایک اور اضافہ ہوگا، عوام کے جمہوری مینڈیٹ کو پامال کرنے اور ان کے حقِ حکمرانی پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو جماعت اسلامی سختی سے مسترد اور اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے،ملک کو مزید سیاسی انتشار اور محاذ آرائی کی طرف دھکیلنے کے بجائے عوام کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔

منصورہ میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جمہوریت کا بنیادی تقاضا یہی ہے کہ عوام جسے اپنا نمائندہ منتخب کریں، اسے آئینی مدت پوری کرنے کا حق دیا جائے۔ سیاسی اختلافات، حکومتی کمزوریوں یا انتظامی مسائل کا حل گورنر راج اور ایمرجنسی نہیں بلکہ آئین، پارلیمان اور سیاسی مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کو نظرانداز کرنا وفاق اور جمہوری نظام دونوں کے لیے نقصان دہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی شدید سیاسی، معاشی اور انتظامی بحرانوں سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں مزید غیر یقینی، سیاسی کشیدگی اور صوبائی حقوق سے متعلق تنازعات پیدا کرنا قومی مفاد کے منافی ہے۔ حکومت کو طاقت کے استعمال یا غیر جمہوری راستے اختیار کرنے کے بجائے عوام کے مسائل حل کرنے، سیاسی قوتوں سے مذاکرات اور آئینی اداروں کو مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی حالات اس وقت تک معمول پر نہیں آ سکتے جب تک عوام کے حقِ حکمرانی کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔

مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و پٹرول کی قیمتوں، امن و امان اور دیگر بنیادی مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مگر حکمران طبقہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی محاذ آرائی میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی جماعت کے اقتدار کی نہیں بلکہ عوام کے حق، آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کے تحفظ کی بات کرتی ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ایسے اقدام کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی جو عوام کے مینڈیٹ، آئینی حقوق اور جمہوری آزادیوں کو محدود کرنے کی کوشش کرے۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد مزید منظم کریں۔عوام کی رائے کا احترام، آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت ہی پاکستان کے استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں