پرویز الٰہی 18

کیپٹن عاصم طارق شہید کے مجرمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،شہید کو بہادری پر تمغہ بسالت سے نوازا جائے’پرویزالٰہی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے اہل خانہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت نے انسانیت کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کو پور ی دنیا میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، کیپٹن عاصم طارق شہید کے مجرمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ان کی بے مثال جرات اور بہادری کے مظاہرے اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،

کیپٹن عاصم طارق کو ان کی بہادری کے عوض تمغہ بسالت سے نوازا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ تلہ گنگ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے، یہاں کا ایک اور سپوت شہید ہوا ہے، میں نے اپنی وزرارت اعلیٰ کے دور میں تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ انہی شہیدوں کی وجہ سے دیا تھا، انشاء اللہ آئندہ بھی اللہ تعالی نے موقع دیا تو تلہ گنگ کی بھرپور خدمت کروں گا، جہاں ترقی کا سفر رکا تھا وہاں سے ہی دوبارہ شروع کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کیپٹن عاصم طارق کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں