علی خورشیدی 10

کراچی کے ڈومیسائل چند پیسوں کے عوض فروخت کیے جا رہے ہیں، علی خورشیدی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے حقوق سلب کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے اور شہر کے ڈومیسائل چند پیسوں کے عوض فروخت کیے جا رہے ہیں۔سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ آباد کے نمائندے زمینوں پر قبضوں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے مبینہ بھتہ وصولی کی شکایات کرتے ہیں، جبکہ سندھ حکومت کے وزراء ان معاملات پر ڈھٹائی سے باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے باوجود ناصر شاہ کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے ڈومیسائل فروخت کیے جا رہے ہیں اور سینکڑوں افراد نے مبینہ جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ دیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے دور میں کراچی، جسے کبھی صوبے کا ماتھا کا جھومر کہا جاتا تھا، بدحالی کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کے بقول کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شمار ہونے لگا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 18 سالہ اقتدار کے باوجود حکومت شہر کو ایک بوند پانی بھی فراہم نہیں کر سکی اور اس کے باوجود تنقید کو پروپیگنڈا قرار دیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ شہر کو 1500 بسیں فراہم نہیں کر سکے، جبکہ سوشل میڈیا مہمات پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ محکمہ اطلاعات میں ہونے والے معاملات سے سب واقف ہیں اور یہ محکمہ پسندیدہ سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سبقت لے گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں