کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں ملزم عرفان کو ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ملزم عرفان کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ ملزم کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ماتحت عدالت کی جانب سے سزا سناتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، جبکہ گواہوں کے بیانات میں بھی تضادات موجود تھے۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم عرفان کو جون 2026 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سزائے موت سنائی تھی۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم نے 8 دسمبر 2022ء کو مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں ایک گھر میں داخل ہوکر کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعدازاں گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزم پیشے کے اعتبار سے پلمبر تھا اور اس نے گھر میں بچی کو اکیلا پاکر زبردستی داخل ہوکر واردات کی۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ بچی کے والد کی مدعیت میں مبینہ ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔سندھ ہائیکورٹ نے ملزم کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔









