کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے عظیم پورہ برج کا دورہ کیا اور منصوبے کی تکمیل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف تین ماہ قبل اس مقام پر شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا تاہم آج یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عام تاثر یہ ہے کہ کراچی میں منصوبے شروع تو ہوتے ہیں لیکن مکمل نہیں ہوتے جبکہ بعض حلقے مسلسل یہ تنقید کرتے ہیں کہ شہر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی اور عظیم پورہ برج کی تکمیل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کراچی میں عملی طور پر کام ہو رہا ہے۔
میئر کراچی کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے لیے 100 دن کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم متعلقہ اداروں کی محنت سے یہ برج 93 دن میں مکمل کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جو وعدے کرتی ہے انہیں پورا بھی کرتی ہے اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کو اپنے دورِ اقتدار کی کارکردگی بتانی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفاقی وزیر صحت کی حیثیت سے مصطفیٰ کمال نے کراچی میں صحت کے شعبے کے لیے کیا عملی اقدامات کیے اور کیا ایک بھی نیا اسپتال قائم کیا گیا؟
انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بعض سیاسی شخصیات آج بھی ماضی کی سیاست کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی شہر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو دوبارہ چائنا کٹنگ، قبضہ مافیا اور نو گو ایریاز کے دور میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور خوف و ہراس کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، کیونکہ پیپلز پارٹی کراچی کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔









