کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ میں کراچی ایڈمن سوسائٹی کے رہائشی پلاٹوں پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار شیخ اظہر کے وکیل عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ بلڈر ریاض بٹلہ اور حسن بٹلہ رہائشی پلاٹوں پر پانچ منزلہ عمارتیں اور پینٹ ہاؤسز تعمیر کر رہے ہیں، جبکہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں صرف گراؤنڈ پلس ون منزل کی اجازت ہے۔
دورانِ سماعت جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ رہائشی علاقے میں کمرشل نوعیت کی تعمیرات کی اجازت کس نے دی۔ عدالت نے حکمِ امتناعی جاری کرتے ہوئے فوری طور پر تعمیراتی کام روکنے کا حکم دیا اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگست کے پہلے ہفتے تک تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔









