بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری اور شمالی کوریا کے ریاستی امور کمیشن کے چیئرمین کم جونگ اُن کی دعوت پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چین کے صدر شی جن پھنگ 8 سے 9 جون تک شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔
جمعہ کے روز چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں شی جن پھنگ کے دورہ شمالی کوریا کے حوالے سے بتایا کہ یہ دورہ جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کا سات سالوں میں شمالی کوریا کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دورے کے دوران دونوں جماعتوں اور ممالک کے اعلیٰ ترین رہنما دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ حالیہ برسوں میں جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن کی اسٹریٹجک رہنمائی میں چین اور شمالی کوریا کے درمیان روایتی دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات صحت مند اور مستحکم انداز میں ترقی کرتے آ رہے ہیں،
جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ رواں سال چین اور شمالی کوریا کے درمیان دوستی، تعاون اور باہمی امداد کے معاہدے پر دستخط کی 65ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ فریقین اس دورے سے فائدہ اٹھا کربدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق چین-شمالی کوریا تعلقات کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے، دونوں عوام کی فلاح و بہبود کو فروغ دیں گے اور علاقائی نیز عالمی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ خدمات سرانجام دیں گے۔









