چینی سرمایہ کاروں 9

چین مئی کے دوران پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں سر فہرست رہا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)چین مئی 2026 کے دوران پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں سر فہرست رہا ۔اس ماہ میں چین سے پاکستان میں 79.3ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جو ملک میں آنے والی مجموعی خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا تقریباً 37 فیصد بنتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مئی 2026 کے دوران چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں مجموعی طور پر90.4ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ 11.1ملین ڈالر سرمایہ یا منافع کی واپسی کی صورت میں بیرونِ ملک منتقل کیے گئے۔ یوں چین کی جانب سے خالص براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 79.3ملین ڈالر رہی۔اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں پاکستان کو مجموعی طور پر 295.1ملین ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری موصول ہوئی جبکہ 80.8ملین ڈالر منافع کی منتقلی اور دیگر سرمایہ نکالنے کی مد میں ملک سے باہر گئے۔

نتیجتاًاس ماہ پاکستان میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری214.3ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔دیگر بڑے سرمایہ کار ممالک میں متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے 50.5ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری پاکستان آئی۔ اس کے بعد ہانگ کانگ سے 27.1ملین ڈالر، سوئٹزرلینڈ سے 17.4ملین ڈالر اور برطانیہ سے14.8ملین ڈالر ڈالر کی خالص سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی)کے دوران بھی چین پاکستان میں سب سے بڑا غیر ملکی سرمایہ کار رہا۔

اس عرصے میں چین سے مجموعی طور پر 1.106 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی جبکہ 287 ملین ڈالر کی واپسی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد خالص ایف ڈی آئی 819 ملین ڈالر رہی۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مئی مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر3.27ارب ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری موصول ہوئی،اسی عرصے میں 1.65بلین ڈالر بیرونِ ملک منتقل کیے گئے جس کے بعد خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 1.62بلین ڈالر رہی رہی۔

شعبہ وار جائزے کے مطابق مئی 2026 میں بجلی کا شعبہ غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والا سب سے بڑا شعبہ رہا، جہاں 85.8ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد مالیاتی کاروبار کے شعبے میں59.6ملین ڈالر اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 34.4ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری موصول ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں