یورپی یونین 14

چین اور یورپی یونین دانشمندانہ طور پر اختلافات کو مشاورت کے ذریعے حل کرنے پر آمادہ ہیں، چینی وزیر تجارت

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے وزیر تجارت وانگ ون تھاؤ اور یورپی کمشنر برائے تجارت اور اقتصادی سلامتی ماروش شیفچووچ نے بیجنگ میں چین-یورپی یونین تجارتی و سرمایہ کاری مشاورتی میکانزم کے دوسرے باقاعدہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی اور اس کے نتائج پر اتفاق رائے حاصل کیا۔ چینی وزارت تجارت کے یورپی امور کے محکمے کے سربراہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فریقین نے مستحکم اور متوازن اہم تجارتی شراکت دار ی پر مبنی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے نتائج پر اتفاق رائے حاصل کیا، جس سے پوری طرح ظاہر ہوتا ہے کہ چین اور یورپی یونین دانشمندانہ طور پر اختلافات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کرنے پر آمادہ ہیں جس سے تنازعات کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین نے طبی آلات، کاسمیٹکس، دواسازی، انورٹرز، اور زرعی اور کھانے پینے کی مصنوعات کے حوالے سے مسائل پر ایک دوسرے کے خدشات کو مساوی سطح پر دور کرنے، دو طرفہ مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے، اور چین-یورپی یونین تجارت میں متحرک توازن کو فروغ دینے پر تفصیلی تبالہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے برآمدی کنٹرول کے شعبے میں ایک دوسرے کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔یورپی یونین دوہرے استعمال کی اشیاءکے شعبوں میں شامل کلیدی لائسنسنگ کے معاملات کو حل کرنے میں پیش رفت کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔

فریقین نے چین اور یورپی یونین کے درمیان دوہرے استعمال کی اشیاء کی تجارت کے حوالے سے ایک دوسرے کے لیے سہولت کاری کے اقدامات متعارف کرانے کے امکان پربھی تبادلہ خیال کیا۔ یورپی یونین چین کے لیے ممکنہ سہولت کاری کے اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ چینی وزارت تجارت کے عہدیدار نے بتایا کہ دونوں فریق ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں اور اس تنظیم کے ضوابط پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں، فریقین نے مارچ 2027 میں میکانزم کے تیسرے باقاعدہ اجلاس کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔ اس سے قبل، فریقین جنوری میں وزارتی سطح پر ویڈیو کانفرنس سمیت تمام سطحوں پر قریبی رابطے برقرار رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں