سرفراز بگٹی 11

نوجوانوں کو کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کو ئٹہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔کوئٹہ آل پاکستان سی ایم بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ نوجوان کوسازش کے تحت لاحاصل جنگ میں دھکیلا جارہا ہے۔انہو ںنے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے نوجوانوں کو جنگ کے بجائے معاشرے کا فعال شہری بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں نہیں جا سکتے جیسے تاثر کو آج عوام سے بھرے اسٹیڈیم اور ہماری موجودگی نے غلط ثابت کردیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ بار بار بلوچستان کی مثال دیتے ہیں جبکہ ہم دہشتگردی کیخلاف ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپ اور ہم میں صرف یہ فرق ہے کہ آپ لوگوں کوایک شہر پر چڑھائی جبکہ ہم نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اکٹھا کرتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ ایک صوبے کے دوست وزیر اعلیٰ کو مشورہ ہے کہ لوگوں کو احتجاج کے بجائے فیسٹیول کیلئے اکھٹا کریں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جنگ میں سرخرو ہوں گے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی ریاست پاکستان کی ہوگی اور ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں