بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین اور شمالی کوریا کے درمیان دریائے یالو کے نئے پل کو باضابطہ طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے پل کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کیا۔
لی چھیانگ نے کہا کہ پل کے افتتاح سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون مضبوط ہو گا بلکہ افرادی تبادلے کوبھی مزید تقویت ملے گی اور یہ پل یقیناً چین اور شمالی کوریا کے درمیان روایتی دوستی کی علامت کے طور پر ایک نیا سنگ میل بنے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق سرحدی علاقوں میں تعاون کے امکانات کو تلاش کریں گے اور دونوں ممالک کے عوام کو اس سے فائدہ ہو گا ۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں جماعتوں اور ممالک کے اعلیٰ ترین رہنماؤں کی اسٹریٹجک رہنمائی میں چین اور شمالی کوریا کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کےجنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چینی حکومت کی جانب سے چین شمالی کوریا روایتی دوستی کو اہمیت دینے کے موقف اور فریقین کے مشترکہ مفادات اور سازگار اسٹریٹجک ماحول کے تحفظ کے پختہ عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
شمالی کوریا کے وزیر اعظم پاک تھائی سونگ نے بھی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کیا۔ دریائے یالو کا نیا پل چین کے صوبے لیاؤنینگ اور شمالی کوریا کے صوبے شمالی پیونگن کو جوڑتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل کا ایک اہم راستہ ہے۔









