سید یوسف رضا گیلانی 15

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مراکش کی پہلی خاتون وزیراعظم فاطمہ زہرا المنصوری کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فاطمہ زہرا المنصوری کو مراکش کی پہلی خاتون وزیراعظم مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فاطمہ زہرا المنصوری کی بطور وزیراعظم تقرری مراکش کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل اور سیاسی قیادت و عوامی خدمت میں خواتین کے کردار کا اعتراف ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فاطمہ زہرا المنصوری اپنے تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مراکش کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود میں مثر کردار ادا کریں گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یاد دلایا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان اور عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہوں نے جمہوریت اور عوامی خدمت کے لئے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مراکش میں پہلی خاتون وزیراعظم کی تقرری عالمِ اسلام میں خواتین کی سیاسی شمولیت اور قیادت کے حوالے سے ایک اور اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی احترام، مشترکہ اقدار، قریبی پارلیمانی روابط اور عوامی سطح پر مضبوط تعلقات پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئی حکومت کے دور میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، بالخصوص پارلیمانی تعاون، مزید مستحکم ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ نے مملکتِ مراکش کی حکومت اور عوام کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں