اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسکردو میں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں متعدد کوہ پیماؤں کے جاں بحق اور لاپتہ ہونے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے جاں بحق ہونے والے کوہ پیماؤں کے اہل خانہ اور متعلقہ ممالک کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر پوری قوم غمزدہ ہے۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کو جلد از جلد بحفاظت تلاش کر لیا جائے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر، مربوط اور تیز کیا جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سرچ آپریشن بلا تاخیر جاری رکھا جائے تاکہ باقی لاپتہ افراد تک جلد از جلد رسائی ممکن بنائی جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کسی کوہ پیما کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا جائے تو اسے فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ریسکیو ٹیموں کو ہر ممکن معاونت مہیا کی جائے تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام تر ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام لاپتہ افراد کو محفوظ رکھے، ریسکیو اہلکاروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں کامیابی عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو یہ آزمائش برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔









