مریم نوازشریف 26

چودھری شوگر ملز کیس، مریم نواز کی 7کروڑ روپے کی رقم واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت ملتوی

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی چودھری شوگر ملز کیس میں بطور گارنٹی جمع کرائی گئی 7کروڑ کی رقم واپسی سے متعلق متفرق درخواست پر مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے درخواست پر سماعت کی ۔وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر فاطمہ شاہد اور انتخاب جوئیہ پیش ہوئے ۔

وکیل مریم نواز نے موقف اپنایا کہ نیب نے عدالتی حکم کے مطابق کیس بند کرنے کے حوالے سے احتساب عدالت سے حتمی منظوری لے لی ہے ۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ہائیکورٹ کا آرڈر آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہے ۔ نیب پراسیکیوٹر انتخاب جوئیہ نے بتایا کہ میرا خیال ہے کہ ہم نے وہ پٹیشن واپس لے لی ہے۔ جس پر چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ آپ کو ایک ہفتے کو وقت دے رہے ہیں آپ مکمل تفصیلات حاصل کرلیں ۔

بعد ازاں عدالت نے متفرق درخواست پر کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔خیال رہے کہ مریم نواز نے بطور گارنٹی جمع کرائی گئی سات کروڑ کی رقم واپس لینے کے لئے رجوع کر رکھا ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مریم نواز سمیت دیگر کے خلاف شواہد نہ ملنے پر چودھری شوگر ملز کیس ختم ہوگیا ، استدعا ہے کہ عدالت بطور گارنٹی جمع کرائی گئی 7کروڑ کی رقم واپس کرنے کا حکم دے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں