چائنا 10

چائنا میڈیا گروپ کے زیراہتمام “اپیک سفراء اور سی ای او گول میز کانفرنس ” کا شین زین میں انعقاد

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چائنا میڈیا گروپ کے فنانس پروگرام مرکز کے زیر اہتمام ” اپیک سفراء اور سی ای او گول میز کانفرنس” شین زین میں منعقد ہوئی۔”کھلے پن کے مواقع سے استفادہ، باہمی مفاد اور مشترکہ کامیابی کا حصول” کے موضوع پر منعقدہ گول میز کانفرنس کا مقصد اپیک کی رکن معیشتوں اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان مکالمے اور تبادلے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

شین ہائی شیونگ نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ نے واضح کیا ہے کہ ایشیا پیسیفک ہمارا گھر ہے اور عالمی اقتصادی ترقی کی قوت کا سرچشمہ بھی ہے۔ چائنا میڈیا گروپ نہ صرف ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کا گواہ اور تاریخ محفوظ کرنے والا ادارہ ہے بلکہ اس عمل میں شریک اور معاون بھی ہے۔ ہم ایشیا پیسیفک تعاون کی کہانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ” شی جن پھنگ کے پسندیدہ تاریخی اقوال”،”شی جن پھنگ کا ثقافت سے لَگاؤ “اور “صدر شی کے خطوط” کے بین الاقوامی ایڈیشنز اپیک رکن معیشتوں میں نشر کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ چائنا میڈیا گروپ کے معیاری پروگراموں کی اپیک خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن کے ذریعے ایشیا پیسیفک تعاون کی نمایاں کامیابیاں دنیا کے لیے ثمر آور ثابت ہوتی دکھائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ ایشیا پیسیفک میں جدت اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اے آئی، انتہائی اعلیٰ معیار کی ویڈیو اور بگ ڈیٹا سمیت جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو آگے بڑھا رہا ہے۔ چین کے متعدد برانڈز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور ایشیا پیسیفک کے شراکت داروں کو چین کی ترقی کے ثمرات میں شریک کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایشیا پیسیفک کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے کے لیے مختلف افرادی و ثقافتی تبادلے کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی گول میز کانفرنس ایشیا پیسیفک کے شراکت داروں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، اعتماد اور دوستانہ تعاون کو مزید فروغ دے گی اور خطے کے عوام کے لیے مزید ٹھوس فوائد لائے گی۔ چائنا میڈیا گروپ تمام شعبوں سے وابستہ دوستوں کے ساتھ باہمی استفادہ کرتے ہوئے آگے بڑھنے اور “ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ” کے لیے مزید اہم کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

یہ گول میز کانفرنس 2026 کے اپیک سربراہی اجلاس کی مناسبت سے چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے منعقد کی جانے والی پہلی اہم میڈیا سرگرمی تھی۔ چائنا میڈیا گروپ، چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے متعلقہ شعبوں کے ذمہ داران، اپیک کی بعض رکن معیشتوں کے چین میں سفارت خانوں کے کمرشل قونصلرز، ملکی و غیر ملکی کاروباری شخصیات کے نمائندوں اور غیر ملکی کاروباری و تجارتی انجمنوں کے ذمہ داران سمیت تقریباً 80 افراد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں