امیر مقام 21

پیپلز پارٹی انتخابی نتائج پر اعتراضات کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کرے ،امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج پر اعتراضات اٹھانے کے بجائے پیپلز پارٹی کو اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ عوام نے اسے کیوں مسترد کیا،آزاد کشمیر میں حکومت اور انتظامیہ پیپلز پارٹی کے زیرِ اثر ہے،اس لیے بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔

جمعہ کو کھاوڑہ میں راجہ ثاقب منیف کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو موجودہ سیاسی نظام پر تنقید کرتی ہے ، اسے یاد رکھنا چاہیے کہ وہ خود اسی نظام کا حصہ ہے اور اہم آئینی عہدوں پر فائز ہے ، انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ہم گئے تو سب اکٹھے جائیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جس طرح لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلے، یہ کشمیری عوام اور جمہوریت کی فتح ہے،ہمیں تنازعات کھڑے نہیں کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری یاسین کا رزلٹ ہمارے سامنے آیا تو پتہ چلا ان کے کسی جگہ 96 فیصد اور کسی جگہ 98 فیصد ووٹ پڑے،پیپلز پارٹی انتخابی نتائج پر اعتراضات کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کرے اور اپنی شکست کی وجوہات کا جائزہ لے،مسلم لیگ (ن)نے گزشتہ دو برس کے دوران منظم انداز میں کام کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے،کشمیری عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا گیا،

اور انہیں یقین ہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے عوام بھی اس سے بڑھ کر اعتماد کا مظاہرہ کریں گے،میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن بھی مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کرے گا،آزاد کشمیر میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور کشمیری عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے پاس بھی بعض حلقوں کے نتائج پر تحفظات ہیں، مگر غیر ضروری تنازعات کے بجائے جمہوری عمل کو سراہنا چاہیے،وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی، عوامی خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی،کھاوڑہ۔

چڑکپورہ رابطہ سڑک کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکول تعمیر کر رہی ہے، خواہش ہے کہ کھاوڑاہ میں بھی دانش سکول قائم کیا جائے،آزاد کشمیر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی سبسڈی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،مانسہرہ۔مظفرآباد۔میرپور ایکسپریس وے منصوبے پر پیش رفت جاری، ٹینڈرز جلد جاری کیے جائیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاک فوج اور وفاقی حکومت نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

مسلم لیگ (ن)کے امیدوار ایل اے-31 ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ عوامی اعتماد سے کامیابی حاصل کر کے علاقے کی ترقی کے وعدے پورے کریں گے۔جلسہ گاہ آمد پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے حلقہ ایل اے-31 (کھاوڑا)ثاقب مجید راجہ، شفقت علی چوہدری ایڈووکیٹ اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔جلسے میں سردار وقار، سردار شوکت، سردار طارق سمیت مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں