کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے حکومت کے مجوزہ پیٹرول ریلیف منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 100 روپے فوری کمی کی جائے تاکہ اس کا فائدہ بلاامتیاز پوری قوم کو براہِ راست پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کی بات تو کی جارہی ہے تاہم ریلیف منصوبہ ابھی تک واضح نہیں، عوام کو کاغذی اعلانات نہیں بلکہ حقیقی، فوری اور عملی ریلیف درکار ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں براہِ راست کمی ہی ایسا طریقہ ہے جس سے ملک بھر کے شہری فوری طور پر مستفید ہوسکتے ہیں۔ ریلیف کے نام پر ٹوکن سسٹم یا کوئی پیچیدہ طریقہ کار متعارف کرانے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آسان، شفاف اور بلاامتیاز نظام اختیار کرے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے سب سے زیادہ غریب اور متوسط طبقہ متاثر ہورہا ہے، خصوصاً موٹرسائیکل استعمال کرنے والے محنت کش اور کم آمدن والے افراد پہلے ہی پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ برداشت کررہے ہیں۔ ایسے شہریوں کیلئے ٹوکن سسٹم کے ذریعے ریلیف حاصل کرنا ایک اضافی مشکل بن سکتا ہے، اس لیے حکومت کو انہیں مزید شرائط، مراحل اور پیچیدہ طریقہ کار میں نہ الجھایا جائے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ حکومت کے اعلانات اور عوام کو ملنے والے عملی ریلیف میں واضح فرق نظر آتا ہے۔
اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو پیٹرول کی قیمت میں براہِ راست کمی کرے اور اس کا فائدہ کسی مخصوص طبقے تک محدود رکھنے کے بجائے ہر شہری تک پہنچایا جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کیلئے گھر کا چولہا چلانا مشکل ہوچکا ہے۔ روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات بڑھا دی ہیں، ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو فوری معاشی ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو محض اعلانات کے ذریعے مطمئن کرنے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں عوام تک منتقل کیا جائے اور ریلیف کیلئے ایسا نظام وضع کیا جائے جو سادہ، شفاف اور ہر شہری کیلئے قابل رسائی ہو۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیٹرول ریلیف کے نام پر ٹوکن سسٹم متعارف کرانا عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ حکومت کو چاہیے کہ ٹوکن اور پیچیدہ طریقہ کار کے بجائے پیٹرول کی قیمت میں براہِ راست کمی کرے تاکہ عوام کو فوری اور یکساں ریلیف مل سکے۔









